بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری ملک نصیر احمد شاہوانی، مرکزی فنانس سیکرٹری اختر حسین لانگو اور مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری احمد نواز بلوچ نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر میں اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران کوئٹہ بالخصوص سریاب کے مختلف علاقوں میں جاری غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ، گیس پریشر کی کمی اور صارفین کو درپیش اووربلنگ کے سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بی این پی کے مرکزی رہنماؤں نے عوام کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم پریشر نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ خصوصاً سریاب کے عوام طویل عرصے سے گیس کے بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اووربلنگ کے ذریعے صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا بھی قابلِ تشویش ہے۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ گیس عوام کی بنیادی ضرورت ہے اور بلوچستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق اور بنیادی سہولیات سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کریں، نہ کہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ بالخصوص سریاب میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کم پریشر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور اووربلنگ کے ذریعے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری ازالہ کیا جائے۔
اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران نے بی این پی کے مرکزی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ گیس لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں جلد کمی لائی جائے گی، جبکہ گیس پریشر کی بہتری اور اووربلنگ کے مسائل کے حل کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔بی این پی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوام کے بنیادی حقوق، مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ کوئٹہ بالخصوص سریاب کے عوام کو درپیش گیس کے مسائل کے حل تک متعلقہ حکام سے رابطہ اور عوامی مسائل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔









