شہر میں ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کی سہولت بحال کرنے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ سریاب روڈ، چالو باوڑی اور منی مارکیٹ میں آپریشن کے دوران سرکاری اراضی، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور دیگر تجاوزات مسمار کردی گئیں۔
یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے شہر کو خوبصورت اور کشادہ بنانے کے وڑن کے تحت ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کے خصوصی احکامات پر کی گئیں۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مجسٹریٹ عامر قیصرانی اور اینٹی انکروچمنٹ سپروائزر سرور صاحب کی نگرانی میں اسکواڈ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تھڑے، کیبنز اور دیگر غیر قانونی تعمیرات بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیں، جبکہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کے لیے کھلا رکھنا ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور دکانداروں و شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دوبارہ غیر قانونی قبضے یا تعمیرات سے گریز کریں، بصورت دیگر بھاری جرمانوں سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









