ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت آئی ٹی حب کے حوالے سے ڈائریکٹر آئی ٹی کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی امیر حمزہ اور آئی ٹی آفیسر نے شرکت کی۔اجلاس میں آئی ٹی حب کے تحت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، جدید آئی ٹی سکلز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، فری لانسنگ کے فروغ اور انہیں جدید ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا کہ آئی ٹی حب کا قیام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بلوچستان کے نوجوان جدید آئی ٹی مہارتوں کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔









