پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے ٹیلی کام سروسز کے معیار اور فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے جاری ملک گیر فیلڈ مانیٹرنگ کے تحت 29 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک 226 موبائل سائٹس کا معائنہ کیا ہے، اس طرح اب تک معائنہ کردہ ٹیلی کام سائٹس کی مجموعی تعداد 1127 سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ معائنے کراچی، لاہور، بہاولپور، کوئٹہ، راولپنڈی، اسلام آباد، پنڈی گھیب، چارسدہ، پشاور، میرپور، اسکردو، کھرمنگ، ہری پور، مانسہرہ، گوادر اور سرگودھا میں کیے گئے۔ جن میں ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں، مقامی اسٹیک ہولڈرز اور ٹیلی کام آپریٹرز سے رابطے کئے گئے تاکہ سروسز میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور بروقت ازالے میں مدد مل سکے،معائنوں کے دوران بجلی کی فراہمی اور متبادل انتظامات میں خامیوں، ڈیوائسز میں نقائص، بیٹریوں اور جنریٹرز کی خرابیوں، فائبر آپٹک کیبلز کے تحفظ سے متعلق مسائل اور دیگر انتظامی و بنیادی ڈھانچے کی خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔
پی ٹی اے مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کے ذریعے ان خامیوں کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے تاکہ ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کا مجموعی معیار بہتر ہو، ان کی فراہمی زیادہ قابلِ اعتماد ہو اور خرابی کی صورت میں سروس برقرار رکھنے یا جلد بحالی ممکن ہو۔









