گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر بلوچستان کے عوام کو گیس کی قلت اور کم پریشر سے نجات دلانے کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ گورنر نے کوئٹہ میں گیس فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر رات 11 بجے تک کرنے، تمام صارفین کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس فراہم کرنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ سردیوں کے موسم میں تمام صارفین کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں جبکہ بالخصوص کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر رات 11 بجے تک کیا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر محمد راحیل صدیقی ملک اور چیف منیجر بلنگ محمد عمران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے عوام کو غربت، بے روزگاری اور کم فی کس آمدنی جیسے سنگین معاشی مسائل کا سامنا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں گیس کی فراہمی میں خصوصی ریلیف دیا جائے اور ممکنہ حد تک سبسڈائزڈ نرخوں پر گیس فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ صارفین کی تمام شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جا سکے۔جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ترجیح بلوچستان، بالخصوص کوئٹہ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس مقصد کے لیے گیس کی فراہمی میں بہتری، شکایات کے فوری ازالے اور صارفین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ گیس کے واجب الادا بلوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں حکومتی و ادارہ جاتی کوششوں سے تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوں کی عدم ادائیگی سے نہ صرف متعلقہ اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ اس کے منفی اثرات بالآخر عوام کو بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔گورنر بلوچستان نے نئے گیس کنکشنز پر پابندی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نئے کنکشنز کے منتظر صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ بعض افراد متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام پر زور دیا کہ اس مسئلے کا مناسب اور قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر محمد راحیل صدیقی ملک نے گورنر بلوچستان کو کمپنی کی جانب سے حال ہی میں کیے گئے اقدامات، صارفین میں آگاہی مہم اور ادارے کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔









