آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی کے چیئرمین علی احمد کرد ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ جب بھی ملک میں کھبی بھی آئین اور جمہوریت کے لئے آواز اٹھانے کی ضرورت ہوئی تو صرف وکلاء سامنے آئے سیاسی جماعتیں ہمیشہ پیچھے ہی رہی ہیں،
ہم نے ہر دورمیں ڈکٹیٹر کے خلاف تحریک چلائی ہے، جب عدالت پر شب خون مارا جائے گا تو کس طرح پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ڈسٹرکٹ کورٹ میں مختلف وکلاء تنظیموں کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام کے سینیٹر کامران مرتضی ایڈووکیٹ کی حمایت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ظہور شاہوانی ایڈووکیٹ، حبیب اللہ ناصر ایڈووکیٹ، راحب بلیدی ایڈووکیٹ، عمران علوی ایڈووکیٹ، ولی خان ناصر ایڈووکیٹ، عدنان ایڈووکیٹ سمیت دیگربھی موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ کامران مرتضی پر الزام لگایاجارہاہے کہ وہ پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہے جو غلط ہے،دوسروں کی مرضی پر وکلائنہیں چل سکتے، کامران مرتضی کے بھائی کی دکان کو سیل کردیاگیا ہے جو ناجائز اقدام ہے،
کونسی جگہ ہے جہاں ظلم نہیں ہورہاہے، علی احمد کرد ایڈووکیٹ نے کہاکہ کے پی کے میں بلا جواز گورنر راج نافذ کیاگیالوگوں پر زندگی تنگ کی جارہی ہے،قانون کی حدمیں رہ کر کام کیاجائے،ہم احتجاج اور مزاحمت بھی کریں گے،ہماری نظر میں سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کی کوئی اہمیت نہیں ایک میں آفریدی اور دوسری میں امین الدین بیٹھاہے،
بلوچستان کے لئے آواز اٹھانے والوں کے ساتھ ہیں،حق کی آواز کو نہیں دبایاجاسکتا،اڈیالہ جیل کے قیدیوں میں اکثریت پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ہے، حکومت کے خلاف طاقت ور مزاحمت ہورہی ہے،پارلیمنٹ کی حقیقی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامران مرتضی ایڈووکیٹ نے ہمیشہ حق کی بات کی ہے وہ اکیلا نہیں ہے، وکلاء کی بڑی تعداد ان کے ساتھ ہے،وکلاء کی طاقت صبح ہی دکھا دیں گے مگر ملکی حالات کی وجہ سے خاموش ہیں، حکومت اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ دے،ملک میں قانون و آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، ملک میں امن قائم کیاجائے تو لوگ ملک وجمہوریت کے لئے مثبت سوچیں گے۔
سینئرایڈووکیٹ ظہور احمد شاہوانی کاکہناتھاکہ بارز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں،وکلا کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، ان مسائل سے نمٹنے کے لئے باقاعدہ سنجیدہ بات چیت ہونی چاہیے،قانونی طریقے سے مسائل حل کئے جائیں،راحب بلیدی ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان جمہوری ملک ہے،پارلیمنٹ میں بیٹھ کر کامران مرتضی ایڈووکیٹ نے ہر حوالے سے بات کی ہے، ملک میں آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، کسی کا منہ بند نہیں کرایاجاسکے گا،آج عدالت اور پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں پر قدغن لگائی جارہی ہے،
پاکستان میں عملاً آئین معطل ہے۔خلیل الرحمن ایڈووکیٹ نے کہاکہ جب بھی جمہوریت پر شپ خون مارا گیا تو وکلاء متحرک ہوئے،وکلا کے عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ پر نہیں کریں گے،کامران مرتضی کا وکلاء برادری اور سیاست میں ایک مقام ہے،اب مزید وکلاء کی آواز نہیں دبائی جاسکتی ہے حبیب ناصر ایڈووکیٹ نے کہاکہ کامران مرتضی ایڈووکیٹ پاکستان کے وکلاء رہنما ہیں اور وہ سینیٹ میں بلوچستان کی بات کررہے ہیں، وکلاء کا ریاست سے نقطہ نظر کا اختلاف ہے،بات کرنے دی جائے، اب وکلاء کا گھر،چیمبر اور ٹائی محفوظ نہیں رہی۔ کامران مرتضی کے خلاف کاروائی تمام وکلاء کے خلاف تصور کی جائے گی،وکلاء مذمت کے ساتھ مزاحمت کے لئے بھی تیارہیں۔









