دلکش نظر آنے کے 7 گُر

6

خوبصورت و جاذب نظر دکھائی دینا صنفِ نازک کی ہمیشہ سے اولین خواہش رہی ہے۔گزرے وقتوں میں خواتین دودھ، گلاب اور دیسی اشیاء اپنے حسن میں اضافے کے لئے استعمال کرتی تھیں۔آج کل ان کے بجائے مختلف قسم کی نت نئی کریموں کا استعمال بڑھ گیا ہے، مثلاً چہرے کی کریم، آنکھوں کی کریم، جلد کو صاف کرنے والی کریم اور موئسچرائزر وغیرہ۔
پھر بھی بیشتر خواتین چہرے کی جھریوں اور رنگت کی سیاہی کی شکایت کرتی نظر آتی ہیں، جس کی بنیادی وجوہ میں ناقص غذائیں اور غلط طرزِ زندگی شامل ہیں۔
ذہنی دباؤ بھی مرد و خواتین کو وقت سے پہلے بوڑھا کر دیتا ہے۔یوں تو مسائلِ حیات سے ہر ایک نبرد آزما ہے، لیکن حساس مرد و خواتین پر یہ زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی عمر سے بڑے نظر آنے لگتے ہیں۔
اگر آپ ان مسائل پر قابو پانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے چند تجاویز پر عمل کرنا پڑے گا، جس کے بعد آپ کم عمر اور حسین نظر آنے لگیں گے۔حسن کو دوبالا کرنے والے ٹوٹکے بھی اس وقت ہی زیادہ کارگر اور موٴثر ثابت ہوں گے، جب آپ ذیل میں دی گئی ان سات تجاویز پر عمل کریں گے، جو حسن کی بنیاد اور اُس کو پائیدار بنانے میں مددگار ہیں:
سات سے آٹھ گھنٹے کی پُرسکون نیند نہ صرف صحت کے لئے، بلکہ حسن کے لئے بھی ناگزیر ہے۔
رات گئے تک کمپیوٹر اور ٹیلی ویژن کے آگے بیٹھے رہنا یا امتحانات کی تیاری یا دفتری امور کی انجام دہی صحت پر بہت مضر اثرات مرتب کرتی ہے۔نیند پوری نہ ہونے کے فوری اثرات چہرے پر جھریوں، رنگت کی سیاہی، وزن میں زیادتی یا کمی کی شکل میں پڑتے ہیں اور آپ کو وقت سے پہلے بوڑھا کر دیتے ہیں۔ان کے سدباب کے لئے صرف نیند نہیں، بلکہ پُرسکون نیند درکار ہوتی ہے اور جب آپ بیدار ہوتے ہیں تو آپ کی ساری تھکن اتر چکی ہوتی ہے۔

روزمرہ کے کٹھن معمولات اکثر ہماری مجبوری ہوتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہو گا کہ کچھ نہ کچھ وقت ہمیں اپنے لئے بھی نکالنا ہے، چاہے یہ وقت مختصر ہی کیوں نہ ہو۔ذہنی اور جسمانی سکون ہمارے حسن سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔
بعض مرد و خواتین نیند بھگانے کے لئے بلیک کافی (بغیر دودھ کی کافی) پینے لگتے ہیں۔بلیک کافی سات سے دس دن میں وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے، لیکن اسے زیادہ پینے سے ہم ذہنی دباؤ یا اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) میں مبتلا ہو سکتے ہیں، جس کی وجہ سے ہمارے چہرے کی دلکشی اور تر و تازگی سب سے پہلے متاثر ہوتی ہے۔
ہمیں علم بھی نہیں ہوتا کہ اس کی اصل وجہ کیا ہے۔
زندگی کے تیز رفتار سفر میں اکثر مرد و خواتین صبح کا ناشتہ نظر انداز کر جاتے ہیں اور یہ نہیں جانتے کہ ان کا یہ طرزِ عمل کتنا مضرِ صحت ہے۔صحت بخش زندگی کے لئے ناشتہ کرنا بہت ضروری ہے۔اگر آپ وزن گھٹا رہے ہیں، تب بھی ناشتہ نظر انداز نہ کریں۔
آج کل کے مشینی دور میں ہر فرد ہی ذہنی دباؤ کا شکار نظر آتا ہے۔
یہ دباؤ ایک طرف اعصاب پر مسلط ہو کر ہماری سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کو سلب کر لیتا ہے تو دوسری جانب جسمانی عوارض کا بھی باعث بنتا ہے۔اس کے ساتھ ہر وقت چہرے پر تناؤ اور پریشانی رہنے سے میک اپ کا اثر زائل ہو جاتا ہے، اسی لئے کہا جاتا ہے کہ مسکراتا چہرہ کسی بھی میک اپ سے زیادہ موٴثر ہوتا ہے۔
اکثر ملازمت پیشہ مرد و خواتین اور طلبا و طالبات بازار کے کھانوں (فاسٹ فوڈز) کے شوقین ہوتے ہیں، جن کی تیاری میں نہ تو صفائی کا خیال رکھا جاتا ہے اور نہ غذائی ضروریات کا توازن، لہٰذا بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
بہتر ہو گا کہ دوپہر میں کوئی پھل و سلاد، چنے یا مکئی کے دانے وغیرہ کھا لئے جائیں۔
رات کا کھانا گھر والوں کے ساتھ کھائیں۔کوشش کریں کہ کھانا سونے سے تین گھنٹے قبل کھا لیا جائے۔کھانے کے دوران دسترخوان پر ہلکی پھلکی گفتگو اور تبادلہ خیال بھی کریں۔خوشگوار ماحول نفسیاتی طور پر انسان پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔اچھی صحت کے لئے ایسا ماحول ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔اگر ہم ان تجاویز پر عمل کریں گے تو مجموعی طور پر ہماری صحت اچھی رہے گی اور جلد کا حسن بھی برقرار رہے گا۔اس طرح ہم حسین و جمیل اور دلکش نظر آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں