خضدار میں ایپکا کی کلرکس ہاؤسنگ اسکیم کی 60 ایکڑ سرکاری الاٹ شدہ اراضی پر مبینہ قبضے، ملازمین کو دھمکیاں اور حملے، ایپکا کوئٹہ کا ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ

39

آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کوئٹہ کے ترجمان نے خضدار میں کلرکس ہاؤسنگ سکیم کی سرکاری الاٹ شدہ اراضی پر لینڈ مافیا کی جانب سے مبینہ قبضے ملازمین کو دھمکانے اور ان پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے فوری اور بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کلرکس ہاؤسنگ سکیم خضدار کی اراضی پر کسی بھی قسم کی ناجائز مداخلت يا قبضے کی کوشش بالکل ناقابلِ برداشت ہے صوبائی صدر حاجی سکندر علی لہڑی موقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اراضی کی الاٹمنٹ 1992ء میں حکومتِ بلوچستان کے احکامات کے تحت بورڈ آف ریونیو نے خضدار میں ایپکا کے نام پر کلرکس ہاؤسنگ سکیم کے لیے 60 ایکڑ اراضی باقاعدہ الاٹ کی جس کی کتونی 1994ء میں جاری ہوئی پلاٹس کی تقسیم 2000ء سے 2002ء کے دوران شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے تقریباً 600 ملازمین کو پلاٹس الاٹ کیے گئے 2014ء میں حالات سازگار ہونے پر ملازمین نے تعمیرات کا آغاز کیاایم پی اے فنڈز کے ذریعے کالونی میں 4 کلومیٹر سڑک اور دیگر بنیادی ترقیاتی کام مکمل کیے جا چکے ہیں انہوں نے واضح کیاکہ مذکورہ اراضی موضع تیغ میں واقع ہے، لیکن قبضہ مافیا اسے موضع سنی ظاہر کر کے ہتھیا نے کی کوشش کر رہی ہے۔

کمشنر خضدار کی ہدایت پر قائم کردہ باضابطہ کمیٹی نے حد براری اور قانونی چھان بین کے بعد اس اراضی کو موضع تیغ کا حصہ اور کلرکس ہاؤسنگ سکیم کی ملکیت قرار دے کر ایپکا کے حق میں فیصلہ دیا تھا موجودہ صورتحال تمام قانونی دستاویزات، کتونی اور موقع پر موجود ترقیاتی کاموں کے باوجود ملازمین کی جانب سے دوبارہ تعمیرات شروع کرنے پر لینڈ مافیا کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنا، دھمکیاں دینا اور حملے کرنا انتہائی تشویشناک ہے کمشنر خضدار، ڈپٹی کمشنر خضدار اور متعلقہ حکام فوری طور پر ہاؤسنگ سکیم میں قبضہ مافیا کی غیر قانونی مداخلت بند کروائیں ملازمین کو ہراسانی اور دھمکیاں دینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے انہوں نے کہاکہ کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا کا مستقل سدِ باب نہ کیا اور ملازمین کے حقوق و جان و مال کا تحفظ یقینی نہ بنایا تو اس مسئلے کیخلاف ایپکا کوئٹہ کے تمام یونٹس میں شدید احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور لینڈ مافیا پر عائد ہوگی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں