لاہور کے علاقے ساؤتھ کینٹ میں بینک ڈکیتی کا مرکزی ملزم پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم سے ڈکیتی کی 4 لاکھ 26 ہزار روپے نقدی، اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق بینک ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی شروع کی گئی اور مرکزی ملزم سبحان علی کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم برطانوی شہری ہے اور سکاٹ لینڈ میں 6 سال تک ٹیکسی ڈرائیور رہ چکا ہے، ملزم 16 ستمبر کو برطانیہ سے پاکستان پہنچا تھا اور اس سے قبل اپریل میں بھی پاکستان آیا تھا۔
ملزم کے مطابق برطانیہ سے ساتھ لائی گئی 1200 پاؤنڈز کی رقم خرچ ہونے کے بعد وہ رقم کی تلاش میں تھا، اس نے غازی روڈ پر واقع بینک کو پہلے ہی ممکنہ ہدف کے طور پر منتخب کر رکھا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم صبح 9 بج کر 19 منٹ پر بینک میں داخل ہوا اور تقریباً 9 منٹ تک اندر موجود رہا، اس دوران بینک کاؤنٹر سے 7 لاکھ 26 ہزار روپے اور سکیورٹی گارڈز کے 2 ہتھیار لوٹ کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے 4 لاکھ 26 ہزار روپے نقدی، 2 پستول اور ایک 12 بور رائفل برآمد کرلی، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی سفید ہونڈا سِوک آر ایس ٹربو بھی قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گاڑی کا رجسٹریشن نمبر سیاہ پینٹ سے چھپا رکھا تھا، جبکہ اپریل میں سیالکوٹ سے 45 ہزار روپے میں پستول خریدنے اور ٹھوکر سے 20 ہزار روپے میں گولیاں حاصل کرنے کا انکشاف بھی کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ناجائز اسلحے کی خرید و فروخت اور ملزم تک اسلحہ پہنچانے کے ذرائع کی تحقیقات جاری ہیں۔
ملزم نے اسلام آباد جانے کے لیے 3 لاکھ روپے میں گاڑی کرائے پر لینے کا بھی انکشاف کیا ہے، جبکہ اسلحہ، گاڑی، نقدی اور دیگر شواہد کو تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ لاہور جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں، قانون شکن عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی اتھارٹی پولیس کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، اس کا جدید نظام پولیس کی کارروائیوں میں اہم معاون ثابت ہو رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری اور اہم برآمدگی میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی کینٹ اور دیگر افسران کی کاوشیں شامل ہیں۔









