کوئٹہ میں وزن سے کم روٹی فروخت کرنے پر 10 تندور مالکان و متعلقہ افراد گرفتار

21

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں مقررہ وزن کے مطابق روٹی کی فروخت یقینی بنانے اور عوام کو مقررہ وزن میں روٹی کی فراہمی کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف امر کی نگرانی میں قمبرانی روڈ اور ہزارگنجی کے مختلف علاقوں میں تندوروں کی چیکنگ کی گئی۔

کارروائی کے دوران تندوروں پر فروخت ہونے والی روٹی کا وزن چیک کیا گیا، جس کے دوران متعدد تندوروں پر مقررہ وزن سے کم روٹی فروخت کیے جانے کی خلاف ورزی سامنے آئی۔انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے مقررہ وزن سے کم روٹی فروخت کرنے پر 10 تندور مالکان و متعلقہ افراد کو گرفتار کر لیا،جبکہ تندور مالکان کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ عوام کو مقررہ وزن کے مطابق روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف امر نے کہا کہ شہریوں کو مقررہ وزن اور مقررہ نرخ کے مطابق روٹی کی فراہمی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تندور مالکان کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ معیار اور وزن کی پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ کے مقررہ نرخ و معیار پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے چیکنگ کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں