کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، جوائنٹ روڈ، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ سمیت مختلف علاقوں سے غیرقانونی تجاوزات کا خاتمہ

45

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔میونسپل مجسٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ عمران زیب کاسی اور زون سپروائزر عبدالحق بلوچ کی نگرانی میں جوائنٹ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے سڑک اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیرقانونی تجاوزات ختم کردی گئیں۔

دوسری جانب چلتن زون کے سپروائزر انجینئر سرور زہری کی نگرانی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے نے سریاب روڈ، برما ہوٹل، انار گلی، بشیر چوک اور قمبرانی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔ اس دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیرقانونی تجاوزات، رکاوٹیں اور غیرقانونی تھڑے ہٹا دیے گئے۔

کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس کے تعاون سے سڑکوں پر آمدورفت میں حائل رکاوٹیں بھی دور کی گئیں، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کے لیے گزرگاہیں کشادہ رکھنے کے اقدامات کیے گئے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام نے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو عوام کے لیے بحال رکھنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں