ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس کوئٹہ میں ناانصافیوں اور ظلم کا خاتمہ کیا جائے

27

بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے مشیر ایکسائز اینڈٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی اور سیکرٹری سید ظفر بخاری سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹروں کو گاڑیوںکی ٹرانسفر اور سمارٹ کارڈ کے حصول میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اس عمل کو فوری طور پر بروقت مکمل کرنے کیلئے اقدامات اٹھا کر ٹرانسپورٹروں اور گڈز مالکان کو مشکلات سے نجات دلائی جائے بصورت دیگر ہم احتجاج کرنے پرمجبور ہوں گے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ہزار گنجی میں اپنے دفتر میں ٹرانسپورٹروں کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر اور اسمارٹ کارڈ کے حصول کے لیے ٹرانسپورٹروں کو 15سے 20دن تک دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں، جس کے باعث ٹرک اور منی ٹرک صرف کاغذات کے مسائل کی وجہ سے کھڑے رہتے ہیں اور ٹرانسپورٹروں کو بھاری مالی نقصان کے ساتھ ذہنی اذیت بھی برداشت کرنا پڑتی ہے۔

اور معمولی نوعیت کی چیزوں پر اعتراضات لگا کر ٹرانسپورٹروں کے جائز کام میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں۔

ایک اسمارٹ کارڈ کے لیے متعلقہ برانچ سے کاغذات 6سے 7دن بعد متعلقہ حکام کو بھیجے جاتے ہیں، جبکہ مختلف برانچوں میں مبینہ طور پر اپنی اپنی من مانیاں کی جاتی ہیں اور اس صورتحال کا موثر طریقے سے کوئی نوٹس لینے والا نہیں۔اس موقع پر انہوں نے مغربی بائی پاس پر تعینات موبائل ایکسائز ٹیم کے حوالے سے بھی ٹرانسپورٹروں کی شکایات سنی اور شرکاء کے مطابق ٹرانسپورٹروں سے غیر ضروری طور پر رقم وصول کرنے کی شکایات ملی ہیں۔

اجلاس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں اور ٹرک مالکان نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ، سیکریٹری ایکسائز بلوچستان سید ظفر بخاری اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز محمد ایوب سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں ٹرانسپورٹروں کو درپیش مشکلات، ناانصافی اور غیر ضروری تاخیر کا فوری خاتمہ کیا جائے، ٹرانسفر اور اسمارٹ کارڈ کے معاملات کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا موثر نظام بنایا جائے اور ٹرانسپورٹروں سے مبینہ ناجائز رقم وصول کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں