پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ عالمی باکسنگ چیمپئن عابدہ بتول کی کامیابی ان کی محنت، عزم اور حوصلے کا ثبوت ہے، انہوں نے بالخصوص بلوچستان کی نوجوان خواتین کے لیے ایک قابلِ فخر مثال قائم کی ہے، ہمارے باصلاحیت نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی ضروری ہے تاکہ وہ مزید قومی و عالمی سطح پرپاکستان کا نام روشن کرسکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراوان ہائوس کوئٹہ میں عالمی باکسنگ چیمپئن عابدہ بتول سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ نوابزادہ جمال رئیسانی نے تھائی لینڈ میں عالمی باکسنگ ٹائٹل جیت کر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے پر عابدہ بتول کو مبارکباد دی۔
دریں اثنا نوابزادہ جمال رئیسانی نے سراوان ہائوس میں حلقہ این اے 264 سریاب سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر علاقے کے تعلیمی مسائل، تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات، طلبہ کو سہولیات کی فراہمی اور صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی سمیت دیگر عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا کہ تعلیم اور صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق اور ضرورت ہے، عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ موثر رابطے اور عملی اقدامات کئے جائیں گے، حلقہ این اے 264 کے عوام کی آواز سننا، ان کے مسائل کو ترجیح دینا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔









