محصولاتی نظام میں تبدیلیاں: تنخواہ دار کو ریلیف، جائیداد کی خریدو فروخت و عالمی ادائیگیوں پر ٹیکس میں کمی

53

ایف بی آرنے فیس لیس آڈٹ، اسیسمنٹ اور اپیل سے لے کر الگورتھمک سیٹلمنٹ، سوشل میڈیا آمدن پر 5 فیصد ٹیکس، لائف انشورنس کی بعض ادائیگیوں پر 15 فیصد تک حتمی ٹیکس عائد کردیا، بینکنگ لین دین کی ڈیجیٹل نگرانی کا نیا نظام متعارف کروا دیا جبکہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں بھی اضافہ کردیا۔

الیکٹرانک وسائل نصب، استعمال یا برقرار نہ رکھنے پر پہلے ڈیفالٹ کی صورت میں ٹرن اوور کا ایک فیصد یا 10 لاکھ روپے جو زیادہ ہو وہ جرمانہ ہوگا جبکہ بعد کے ہر سہ ماہی ڈیفالٹ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، بین الاقوامی کریڈٹ، ڈیبٹ یا پری پیڈ کارڈز کے ذریعے ادائیگی پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح بھی 5 فیصد سے کم کرکے 0.5 فیصد کردی گئی ہے اس کے علاوہ ٹی وی ڈراموں اور اشتہارات پر ایڈوانس ٹیکس ختم کردیا گیا ہے۔

تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس شرحوں میں ریلیف دیا گیا ہے جس کے مطابق 6 لاکھ سے کم سالانہ آمدن پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا جبکہ 10 ملین روپے سے زائد آمدن پر 9 فیصد سرچارج ختم، جائیداد کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح کم، بین الاقوامی کارڈز پر ٹیکس 5 فیصد سے گھٹا کر 0.5 فیصد، 50 کروڑ روپے تک آمدن رکھنے والے بیشتر افراد پر سپر ٹیکس ختم جبکہ بڑے کاروبار، ایکسپورٹرز، سروسز، ای کامرس اور الیکٹرانک انضمام کے شعبوں میں ٹیکس اور تعمیلی نظام مزید سخت کردیا گیا ہے انکم ٹیکس نظام میں فیس لیس آڈٹ، اسیسمنٹ، اپیل اور دائر اختیار کا جامع نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

بورڈ نیشنل فیس لیس سینٹر قائم کرسکے گا، جہاں مخصوص کیس اور ٹیکس سال کے لیے آڈٹ، اسیسمنٹ اور کوالٹی کنٹرول الگ الگ افسران کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ ٹیکس دہندگان اور ان کے نمائندوں سے تمام رابطے الیکٹرانک ذرائع سے ہوں گے۔

سماعت یا حلفیہ بیان کی ضرورت کی صورت میں ای سماعت ہوگی اور متعلقہ افسر کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔

اس حوالے سے ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں کی گئی اہم ترامیم کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ فنانس ایکٹ 2026 نے ملک کے ٹیکس نظام کا نقشہ بدل دیا ہے حکومت کی جانب سے فنانس ایکٹ 2026 کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں کی جانیوالی اہم ترامیم کے تحت انکم ٹیکس نظام میں فیس لیس آڈٹ، اسیسمنٹ اور اپیل کا جامع نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق نیشنل فیس لیس سینٹر میں کارروائیاں الیکٹرانک ذرائع سے ہوں گی جبکہ فیس لیس کارروائی کے دوران متعلقہ ٹیکس افسر کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ ٹیکس تنازعات کے تصفیے کے لیے الگورتھمک سیٹلمنٹ میکانزم بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت سیٹلمنٹ آفر قبول کرنے کے لیے ٹیکس دہندہ کو 10 دن کی مہلت ہوگی۔ ہائی کورٹ میں ریفرنس اور اعلیٰ عدالتوں میں اپیل یا نظرثانی دائر کرنے سے قبل آزاد کیس اسکروٹنی کمیٹی کی منظوری بھی لازمی قرار دی گئی ہےْ

فنانس ایکٹ کے تحت لائف انشورنس کی بعض ادائیگیوں پر 15 فیصد تک حتمی ٹیکس عائد کیا گیا ہے ایک سال کے اندر لائف انشورنس کی ادائیگی پر ٹیکس کی شرح 15 فیصد جبکہ ایک سال بعد اور چار سال مکمل ہونے سے پہلے ادائیگی پر 10 فیصد ٹیکس ہوگا، تاہم موت یا معذوری کی صورت میں لائف انشورنس کی ادائیگی ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں