حکومتِ بلوچستان کی جانب سے قائم کردہ عدالتی تحقیقاتی کمیشن جسٹس محمد عامر نواز رانا ضلع زیارت کے مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن پر پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی جامع اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کر رہا ہے۔اعلامیہ کے مطابق تحقیقاتی کمیشن واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے، جن میں واقعے کے اصل حقائق، اسباب و محرکات، ذمہ داریوں کا تعین، سیکیورٹی انتظامات، پولیس کی تیاری، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات اور واقعے سے متعلق دیگر اہم امور شامل ہیں۔
کمیشن کا بنیادی مقصد واقعے کے حقائق کو مکمل طور پر سامنے لانا، ذمہ داریوں کا تعین کرنا اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر سفارشات مرتب کرنا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے، لہٰذا کسی بھی قسم کی قیاس آرائی، غیر مصدقہ معلومات، افواہوں یا قبل از وقت رائے کے اظہار سے گریز کیا جائے۔
تحقیقاتی کمیشن اپنی کارروائی دستیاب ریکارڈ، دستاویزات، شواہد اور قانونی وتحقیقاتی اصولوں کے مطابق مکمل کرے گا، جبکہ حتمی نتائج اور سفارشات کمیشن کی رپورٹ میں سامنے لائی جائیں گی۔کمیشن نے عوام، متعلقہ اداروں اور تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کرتے ہوئے درست معلومات، شواہد اور متعلقہ دستاویزات کمیشن کے سامنے پیش کریں، تاکہ واقعے کے حقائق تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔
اعلامیے کے مطابق 28 اگست 2026ء تک دفتری اوقاتِ کار کے دوران تمام متعلقہ افراد تحقیقاتی کمیشن کے رجسٹرار/سیکرٹری کے دفتر، واقع عدالتِ عالیہ بلوچستان، ہائی کورٹ روڈ کوئٹہ، میں حاضر ہو کر اپنا نام، عہدہ/پیشہ، موجودہ و مستقل پتہ، رابطہ نمبر اور شناختی کارڈ کی نقل کے ہمراہ واقعے سے متعلق معلومات، شواہد اور دستاویزات پیش کر سکتے ہیں۔تحقیقاتی کمیشن کی جانب سے عوام اور تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کمیشن کے سامنے صرف درست، مستند اور قابلِ تصدیق معلومات پیش کریں تاکہ تحقیقات شفاف، غیر جانب دارانہ اور مؤثر انداز میں مکمل کی جا سکیں۔









