اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری کے دفتر میں گرین بوٹ قرعہ اندازی اور سمندری طوفان سے متاثرہ ماہیگیروں میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہیگیر برادری، محکمہ فشریز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب میں امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، ڈائریکٹر میرین فشریز گوادر احمد ندیم، اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پسنی عادل بشیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی شاہ زیب، ایس ایچ او پسنی حیات شاکر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز گوادر شاہ فہد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی اسد غالب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی میر خالد کلمتی، ماہیگیر رہنما ناخدا صغیر احمد عبدالغفور، ماہیگیر رہنما ناخدا عبدالرزاق بلوچ، حق دو تحریک گوادر کے سابق چیئرمین شریف میانداد، حق دو تحریک کے مرکزی ماہیگیر رہنما عزیز اسماعیل اور حق دو تحریک گوادر کے رہنما و پی ایس ایم پی اے گوادر وسیم صمد سمیت دیگر متعلقہ حکام اور ماہیگیر برادری کے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران گرین بوٹ اسکیم کی قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے 20خوش نصیب ماہیگیروں کو گرین بوٹس حوالے کی گئیں۔
گرین بوٹس کی فراہمی کا مقصد مقامی ماہیگیروں کو سہولت فراہم کرنا اور انہیں اپنے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔اس کے علاوہ سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے 82 ماہیگیروں میں بھی امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔
ڈائریکٹر میرین فشریز گوادر احمد ندیم اور دیگر حکام نے ماہیگیروں کی موجودگی میں امدادی چیکس مستحقین کے حوالے کیے۔اس موقع پر ماہیگیر رہنماؤں نے گرین بوٹس کی فراہمی اور سمندری طوفان سے متاثرہ ماہیگیروں کی مالی معاونت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہیگیر بلوچستان کی ساحلی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کے روزگار، کشتیوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
تقریب میں موجود ماہیگیروں نے امید ظاہر کی کہ حکومت، محکمہ فشریز اور ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی ساحلی علاقوں کے ماہیگیروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات جاری رکھیں گے۔
پسنی کے ماہیگیروں کے لیے گرین بوٹس کی فراہمی اور طوفان متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کو ماہیگیر برادری کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے









