کبل میں خودکش حملے میں شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
پولیس ٹریننگ اسکول سوات میں ہونے والی تقریب میں شہداء کو سلامی پیش کی گئی جبکہ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ پولیس حکام، سول انتظامیہ، پاک فوج کے افسران، صوبائی وزیر اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اے ایس آئی ہاشم خان سمیت پانچوں شہداء کو سلامی پیش کی ان کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور ملکی سلامتی کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔









