پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے، علی مدد جتک

37

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کے مسائل سن کر انکے فوری حل کو یقینی بنانا ہے پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ جتک ہاؤس آصف آباد میں کھلی کچہری کے موقع پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے حلقہ انتخاب سے آنے والے مختلف علاقوں کے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات براہِ راست سنیں۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے علاقوں میں درپیش مختلف مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔

حاجی علی مدد جتک نے عوامی مسائل کو غور سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ عوامی خدمت اور شہریوں کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو براہِ راست اپنی شکایات اور مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے مسائل کو بروقت متعلقہ اداروں تک پہنچا کر عملی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلارنگ و نسل عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ جب سے بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آئی ہے تمام حلقوں کو یکساں بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔

جس سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے گھر کے دروازے چوبیس گھنٹے عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے لئے کھلے ہیں کوئی بھی مسئلہ ہو عوام اورپارٹی کارکن براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں