پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سعودی سرمایہ کاروں کے وفد نے 10ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس پر وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے مکمل سہولت فراہمی کی یقین دہانی کرا دی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ سعودی فالکن وژن گروپ نے پاکستان میں 10ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وفد نے چکوال میں جدید شاپنگ مال کے قیام کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا سرمایہ کاری بورڈ کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد جاری ہے۔ بزنس سہولت مراکز کے ذریعے ون ونڈو سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان میں منافع کی سو فیصد ترسیل کی اجازت بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا اہم اقدام ہے۔









