بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق خان سنجرانی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر نواب زدہ خالد حسین مگسی اور سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ سے باہمی مشاورت کے بعد پاکستان کی مسلح افواج، ایف سی، پولیس اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے تین روزہ یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں پاکستان آرمی، مسلح افواج، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس کے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی شہادت پر بلوچستان عوامی پارٹی گہرے دکھ اور افسوس کااظہار اظہار کرتی ہے۔
پارٹی کی مرکزی قیادت نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی یاد، احترام اور اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پارٹی تین روزہ یومِ سوگ منائے گی۔اس سلسلے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے تمام ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریوں اور تنظیمی عہدیداران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں تین روزہ یومِ سوگ منائیں، پارٹی دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں رکھیں، تمام غیر ضروری تقریبات اور جشن کی سرگرمیاں مؤخر کریں، جبکہ شہداء کے ایصالِ ثواب، ملکی سلامتی، امن و استحکام اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔میر محمد صادق خان سنجرانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
پاکستان کے بہادر سپاہیوں، ایف سی، پولیس اور معصوم شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن قومی کوشش کی حمایت جاری رکھے گی۔









