بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں ملاوٹی دودھ اور ناقص خوراک کے خلاف بھرپور کارروائیاں

9

ملاوٹی دودھ اور غیر معیاری خوراک کے خاتمے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 2 دودھ کی دکانیں سیل، 25 فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے اور 18 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔ کارروائیوں کے دوران دودھ میں ملاوٹ، صفائی کی ناقص صورتحال، زائد المیعاد اشیا کی فروخت، غیر قانونی رنگوں، ناقص اسٹوریج اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر قانونی ایکشن لیا گیا۔
ترجمان بی ایف اے کے مطابق ژوب میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر ژوب کے ہمراہ متعدد دودھ کی دکانوں اور ڈیری فارمز کا معائنہ کیا۔ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور اسکمڈ ملک ثابت ہونے پر 2 دودھ کی دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ 2 ڈیری فارمز سمیت مجموعی طور پر 4 یونٹس کو جرمانہ کیا گیا اور 5 بہتری نوٹسز جاری کیے گئے۔
معائنے کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ، چکنائی کی کمی، حشرات کی موجودگی، آلودہ برتن، غیر صحت بخش ماحول اور صفائی کے ناقص انتظامات جیسے سنگین نقائص سامنے آئے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ میں مختلف انسپیکشن ٹیموں نے کاسی روڈ، علمدار روڈ، نچاری روڈ، ہزارہ ٹان، ایئرپورٹ روڈ، پٹیل روڈ، میر احمد خان روڈ اور سرکی روڈ پر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے اور 5 اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔ کارروائیوں کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ پر 2 ملک شاپس کے خلاف ایکشن لیا گیا جبکہ 3 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
مختلف جنرل اسٹورز، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، بیکریز، بیف شاپس اور دیگر مراکز میں ناقص صفائی، بغیر لائسنس کاروبار، خراب گوشت، غیر معیاری اسٹوریج، حشرات کی موجودگی، کھلے کوڑے دان، غیر فوڈ گریڈ رنگوں، زائد المیعاد اشیا اور ممنوعہ مصنوعات کی موجودگی پر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اسی دوران نئے واٹر پلانٹ مالکان کو بی ایف اے ایس او پیز، رجسٹریشن اور محفوظ پانی کی تیاری سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی گئی جبکہ نان شاپس میں کارکنوں کو ذاتی حفاظتی سامان (PPEs) تقسیم کرکے محفوظ خوراک کی تیاری سے متعلق عملی آگاہی دی گئی۔
اسی طرح پنجگور میں پرانا تربت روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 2 جنرل اسٹورز کو جرمانہ اور 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ معائنے کے دوران زائد المیعاد مشروبات، اسنیکس، ملک کریم، جوسز، مصالحہ جات، پابندی عائد چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز ضبط کر لیے گئے۔خضدار میں آر سی ڈی روڈ پر قائم مختلف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 2 ریسٹورنٹس، 3 جنرل اسٹورز اور 1 نان شاپ سمیت 6 مراکز کو جرمانہ جبکہ 8 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران انتہائی ناقص صفائی، گندگی، مکھیوں کی بھرمار، زنگ آلود برتن، ناقص نکاسی آب، کم وزن روٹی کی تیاری اور زائد المیعاد اشیا کی فروخت پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ملاوٹی دودھ، غیر معیاری خوراک اور عوامی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بی ایف اے قوانین، حفظانِ صحت کے اصولوں اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں