بلوچستان میں 20 جون تک آندھی، گرج چمک اور بارشوں کی پیش گوئی

24

محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 جون تک بلوچستان میں آندھی، گرد آلود ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 16 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 20 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے نمی والی ہوائیں بھی بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارشوں کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، زیارت، کوہلو، نصیرآباد، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی میں 16 سے 20 جون کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ڑالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق فصلوں کی دیکھ بھال اور شہریوں بالخصوص سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ساتھ ہی تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں