وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت بلوچستان بچوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ بچوں سے مزدوری نہ صرف ان کے بچپن کو متاثر کرتی ہے بلکہ ان کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے مواقع بھی سلب کر لیتی ہے۔ ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ صوبے کے 400سے زائد مزدور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے سکالرشپس پر ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں بھیجا جا رہا ہے تاکہ وہ بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔ بچوں کو مزدوری کے بجائے تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔









