پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے جاری کردہ ایک بیان میں جنوبی پشتونخوا، بالخصوص اضلاع قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور ہرنائی میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، بدامنی اور شہریوں کے جان و مال کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلسل دہشت گردانہ واقعات نے عوام کو خوف، عدم تحفظ اور بے یقینی کی کیفیت سے دوچار کر رکھا ہے۔ ریاستی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔بیان میں کہا گیا کہ حال ہی میں میزئی اڈہ کی نادرا مارکیٹ میں دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پانچ بے گناہ افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اس المناک واقعے کے خلاف عوام نے شہداء کے جسدِ خاکی کمر پل روڈ میزئی اڈہ پر رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا جو رات بھر جاری رہا۔ عوام کے اس پرامن احتجاج میں پشتونخوا نیپ کے رہنماوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ مرکزی سیکریٹری حاجی اعظم خان مسی زی نے عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر رہنمائی کی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری ملک عبیداللہ مسی زی نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا پیغام دیا، اور ضلع قلعہ عبداللہ کے سینئر معاون سیکریٹری رمضان خان نے دھرنے کی قیادت میں عوام کی حوصلہ افزائی کی۔ دیگر رہنماوں اور کارکنوں نے بھی دھرنے میں شرکت کر کے ثابت کیا کہ پارٹی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ میزئی اڈہ سانحے میں ملوث دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور سرپرست عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔ ساتھ ہی جنوبی پشتونخوا میں امن و امان کی بحالی، شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے۔بیان کے مطابق شہداء میں داد محمد ولد رحمت اللہ، عبدالمتین ولد سید خیر خان، عبدالجبار ولد سلطان، محمد رضا ولد فضل الرحمن اور اسلام ولد محمد رمضان شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سید جعفر آغا ولد سید محمد علی، سید جمیل احمد ولد سید عبدالولی، حاجی محمد یونس ولد حاجی عبدالباقی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ شہداء کے خاندانوں کی فوری مالی معاونت، مستقل کفالت اور زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات اپنی ذمہ داری میں لے کر متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے۔
حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں :پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
7









