گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں چمن ریلوے پھاٹک کے قریب حالیہ المناک خودکش دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور دھماکے سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وہ ذاتی طور پر گھر گھر جا کر رہائشی مکانات، گاڑیوں اور قریبی ماڈل پبلک سکول کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے تحفظات سنے اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور فوری ازالہ کا یقین دلایا۔
گورنر مندوخیل نے سروے کمیٹی کے ذمہ داران کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ بلاتاخیر تمام متاثرین کیلئے فوری ازالہ اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ چمن پھاٹک سانحہ کی جائے وقوعہ کے دورہ کے موقع پر متعلقہ انتخابی حلقے 42 کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، ایڈووکیٹ فرید خان افغان چوہدری شبیر، عبدالفتح جمالی اور حبیب الرحمان خان بھی موجود تھے۔
بعدازاں گورنر بلوچستان نے صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) سلیم کھوسہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور متاثرہ علاقے میں بحالی اور تعمیرنو کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر مندوخیل نے حکومت کی جانب سے دھماکے سے متاثر ہونے والے گھروں اور گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے خصوصی سروے کمیٹی کی تشکیل کے اقدام کو سراہا اور اس کے قیام کو متاثرین کیلئے منصفانہ معاوضے کو یقینی بنانے کی جانب ایک مثبت اور بروقت اقدام قرار دیا۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر جعفرخان نے کہا کہ جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تو میں ملک سے باہر تھا، آج ذاتی طور پر نقصانات کا جائزہ لینے، تمام سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرنے اور انہیں یقین دلانے کیلئے آیا ہوں کہ ہم اس مشکل وقت میں آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اپنے ساتھ اس انتخابی حلقے 42 کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کو ساتھ لانے کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ ہم سب متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں، عوام یقین رکھیں کہ اس دھماکے میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔
گورنر نے امن برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موجودہ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ متاثرہ خاندان مطمئن رہیں کہ ان کے نقصانات کا بہت جلد ازالہ کر دیا جائیگا اور ہم مشکل کی اس گھڑی میں کسی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔









