گوادر ساتھ فری زون اور گوادر نارتھ فری زون میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں نے اپنی تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے چینی کرنسی رینمن بی (آر ایم بی)کو پاکستانی روپے (پی کے آر)میں براہِ راست تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے۔
یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی تبادلے کے نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔گوادر پرو کے مطابق گوادر میں ہانگین ٹریڈ کمپنی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نئے مالیاتی انتظام کے تحت آر ایم بی کو براہِ راست پاکستانی روپے میں تبدیل کرنے کی سہولت ملنے سے چینی سرمایہ کار ایک کروڑ روپے کی ہر لین دین پر 5 لاکھ روپے تک کی بچت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سابقہ مالیاتی نظام کے تحت چینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پہلے رینمن بی کو امریکی ڈالر میں اور پھر ڈالر کو پاکستانی روپے میں تبدیل کرنا پڑتا تھا۔ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھا کے باعث انہیں اکثر شرحِ مبادلہ کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا (آئی سی بی سی)کے حکام نے کراچی میں چینی قونصل خانے اور بینک آف چائنا کے اعلی حکام کے ہمراہ رواں ہفتے گوادر کا دورہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
پیپلز بینک آف چائنا اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی تعاون کے مطابق پیپلز بینک آف چائنا نے آئی سی بی سی کی کراچی برانچ کو پاکستان میں رینمن بی کلیئرنگ بینک کے طور پر خدمات انجام دینے کی اجازت دے دی ہے۔گوادر پرو کے مطابق آئی سی بی سی اس نظام کے تحت نگرانی اور ضابطہ کاری کی ذمہ داریاں بھی انجام دے گا۔









