وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے مطابق شہر میں ریڑھی بانوں کے لیے باقاعدہ اور منظم ریڑھی بازار کے قیام کے سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی خصوصی ہدایات پر اسپیشل مجسٹریٹ ضلعی انتظامیہ اور انچارج اینٹی انکروچمنٹ زون -1 نے جوائنٹ روڈ کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے غیر منظم انداز میں موجود ریڑھیوں کو ریڑھی بازار میں منتقل کردیا۔
کارروائی کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی، عوامی سہولت اور تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے متعدد ریڑھیوں کو مقررہ مقام پر منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے ریڑھی بانوں کی باقاعدہ لائسنسنگ کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے، جس کے تحت اب تک 128 لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ 65 سے زائد ہینڈ کارٹس کو مختص کردہ جگہ پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مطابق وہ عناصر جو بارہا لائسنس کی شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے رہے اور سرکاری ہدایات پر عملدرآمد سے گریزاں رہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جس دوران 15 سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ان کاروائیوں کا مقصد شہر میں تجاوزات کا خاتمہ، ٹریفک نظام کی بہتری، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور محنت کش طبقے کے لیے باعزت اور منظم روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ مزید برآں شہر میں کسی کو بھی غیر قانونی تجاوزات یا عوامی راستوں کی بندش کی اجازت نہیں دی جائے گی اور آئندہ بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔









