میٹروپولٹین کارپوریشن کی کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، جوائنٹ روڈ سے 13 ریڑھیاں ضبط، سریاب روڈ پر بھی متعدد تجاوزات ختم

32

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے جوائنٹ روڈ اور سریاب روڈ پر غیر قانونی ریڑھیوں، تھڑوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا جبکہ جوائنٹ روڈ سے 13 ریڑھیاں ضبط کرلی گئیں۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر ہونے والی کارروائیوں میں جوائنٹ روڈ پر سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم غیر قانونی ریڑھیوں کو ہٹا کر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اسٹور میں منتقل کردیا گیا۔

کارروائی زرغون زون کے سپروائزرز عبدالحق بلوچ اور علی رضا کی نگرانی میں کی گئی، جس کے دوران مجموعی طور پر 13 ریڑھیاں تحویل میں لی گئیں۔

دوسری جانب میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سریاب زون نے سپروائزر قاسم خان کی نگرانی میں سریاب روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑک اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تھڑے، ریڑھیاں اور دیگر تجاوزات ختم کردیں۔

کارپوریشن حکام کے مطابق تجاوزات کے باعث شہریوں اور ٹریفک کی آمدورفت میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کیا گیا جبکہ تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو سرکاری اراضی، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دوبارہ قبضہ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام نے کہا کہ تجاوزات دوبارہ قائم کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ شہر میں تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں