سینڈمن پروونشل ہسپتال کوئٹہ کی کیتھ لیب میں اگست 2025 سے اب تک 1800 سے زائد مریضوں کا ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کیا جا چکا ہے، جبکہ جدید کارڈیک سہولیات کی فراہمی کے باعث بلوچستان کے مریضوں کو دل کے پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے صوبے سے باہر جانے کی ضرورت میں کمی آئی ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ہادی کاکڑ کے مطابق کیتھ لیب میں دل کے امراض کے علاج کے لیے جدید طبی سہولیات دستیاب ہیں، جہاں مریضوں کو ہیلتھ کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ کی بھی اسی کیتھ لیب میں کامیاب انجیوپلاسٹی کی گئی، جو سرکاری شعبے میں جدید طبی سہولیات کی دستیابی کی ایک مثال ہے۔
ڈاکٹر ہادی کاکڑ کے مطابق کیتھ لیب کے فعال ہونے سے بلوچستان کے شہریوں کو اپنے صوبے میں ہی دل کے پیچیدہ امراض کے علاج کی سہولت میسر آ رہی ہے، جس سے علاج کے لیے دیگر صوبوں کا رخ کرنے والے مریضوں کی مشکلات میں کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیتھ لیب میں اب تک 1800 سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، جو صوبے میں صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کا نتیجہ ہے۔ڈاکٹرہادی کاکڑکے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور علاج معالجے کے معیار میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاکہ بلوچستان کے عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات اپنے صوبے میں دستیاب ہوں۔









