8

بلوچستان کے حقوق کیلئے تما م مکاتب فکر کو متحد ہو نا ہو گا ، ڈا کٹر ما لک بلوچ

نیشنل پارٹی ہزارہ ٹاؤن کے زیرِ اہتمام نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دیگر قائدین کے اعزاز میں ہزارہ ٹاؤن پارٹی آفس میں عصرانے کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے ڈاکٹر رمضان ہزارہ کی قیادت میں سینکڑوں موٹر سائیکلوں و پارٹی جھنڈوں اور پْرجوش نعروں کے ساتھ فیصل ٹاؤن بروری روڈ پر پارٹی قائدین کا شاندار استقبال کیا۔ جلوس مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا پارٹی آفس پہنچا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما صالح محمد بلوچ رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ مرکزی ترجمان علی احمد لانگو اور صوبائی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ چنگیز حئی بلوچ تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ہزارہ ٹاؤن کے کارکنوں کے جذبے اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رمضان ہزارہ کی قیادت میں ہزارہ قوم بلوچستان کی سیاست میں اہم اور مثبت کردار ادا کر رہی ہے اور یہ عوامی جدوجہد ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی تاریخی طور پر نیپ کی سیاسی و فکری تسلسل ہے جو آج بلوچستان کے تمام محکوم اقوام اور متوسط طبقے کی نمائندہ سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔

نیشنل پارٹی کی کوشش ہے کہ بلوچستان کے تمام اقوام اور مکاتبِ فکر کو ایک جمہوری پلیٹ فارم پر متحد اور منظم کیا جائے تاکہ صوبے کے عوام کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو۔نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں نیشنل پارٹی کے عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا تاہم آئندہ کسی کو بھی عوام کے حقِ رائے دہی اور پارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے نہیں دی جائے گی۔

نیشنل پارٹی عوام کی طاقت سیاسی شعور اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم ڈاکٹر رمضان ہزارہ کو اپنی عوامی طاقت اور حمایت سے کامیاب بنا کر حقیقی نمائندگی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوریت کے استحکام آئین کی حکمرانی پارلیمنٹ کی توقیر عوام کی بالادستی اور قومی وسائل پر عوام کے حقِ حاکمیت کی جدوجہد کر رہی ہے۔

عوامی حمایت نیشنل پارٹی کی سیاست و قیادت پر اعتماد کا اظہار ہیتقریب سے نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر رمضان ہزارہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں