ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے آئی ڈی ایس پی (آئی ڈی ایس پی) کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر اور ایکسین ایریگیشن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے آئی ڈی ایس پی جانے والے راستے اور وہاں قائم پروٹیکشن وال کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے حفاظتی اقدامات اور تعمیراتی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ادارے اور اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔اس کے علاؤہ ڈپٹی کمشنر نے آئی ڈی ایس پی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، جہاں ادارے کی کارکردگی، سہولیات اور جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر قرۃ العین نے ڈپٹی کمشنر کو ادارے کے مختلف حصوں کا وزٹ کرایا جبکہ ڈاکٹر صفدر نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے گیس بنانے والے پلانٹ، آفس، ڈیجیٹل لیب، میڈیا سیل، لائبریری، ہاسٹل اور دیگر مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ادارے میں فراہم کی جانے والی سہولیات، جدید نظام اور انتظامی امور کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کی کاوشوں کی تعریف کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے کہا کہ ایسے ادارے معاشرتی ترقی، جدید تعلیم اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح اور تعلیمی و سماجی اداروں کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔









