سابق وزیراعظم اور کنوینر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرین لائن اور کے 4 پروجیکٹ کے لیے وفاق نے رقم دی تھی، 9 سال ہوگئے پیسے خرچ نہيں ہوئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنوینر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی نہیں فراہمی کی کمی ہے، آپ کراچی کے کسی علاقے میں چلے جائیں وہاں یہی حالت ہے، موجودہ حکومت کو جواب دینا چاہیےکہ یونیورسٹی روڈ کیوں نہیں بنی؟
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی میں سڑک، ٹرانسپورٹ اور پانی کے نظام میں خرابیاں بڑھی ہیں،گرین لائن اور کے فور پروجیکٹ کے لیے وفاق نے رقم دی تھی، 9 سال ہوگئے پیسے خرچ نہيں ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ اگر کراچی میں حالات بہتر نہیں ہوئے اور اندرون سندھ میں مسائل حل ہوتے تو مجھے خوشی ہوتی، لیکن وہاں بھی مسائل حل نہیں ہوئے، ،ملک بھر میں جتنی کرپشن ہو رہی ہے اتنی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔
اس موقع پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سندھ حکومت پیسے مانگتی ہے، مگر پیسے سندھ میں نہیں لگتے، پتا نہیں کہاں لگتے ہيں۔
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ شاہد خاقان عباسی کراچی کی فکر چھوڑ دیں، اپنی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا جواب دیں۔
ترجمان سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی سڑکوں پر پیپلز پارٹی کا کام بول رہا ہے، عوام پاکستان پارٹی کو عوامی مسائل کا کوئی علم نہیں۔









