17

اسلام آباد میں چائنا کے تعاون سے یونیورسٹی آف بلوچستان کا کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ، گورنر جعفر خان مندوخیل کا اہم اعلان

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چائنا کے تعاون سے یونیورسٹی آف بلوچستان کیکیمپس کا قیام بلوچستان کے نوجوانوں کو مساوی، اعلی معیار کی ہائیر ایجوکیشن کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک احسن اقدام ثابت ہوگا۔ اس کیلئے وفاقی سطح تمام متعلقہ وفاقی حکام بشمول ہائر ایجوکیشن کمیشن اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مناسب اراضی کی الاٹمنٹ اور ضروری منظوری کیلئے باضابطہ بات چیت کی جائیگی۔

اس اقدام کا مقصد اسلام آباد میں بلوچستان کی مستقل تعلیمی موجودگی پیدا کرکے بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ اس کا معیار اسلام آباد یونیورسٹیوں کے مطابق ہوگا۔امید ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ہمیں کیمپس کے قیام میں کامیابی حاصل ہوگی۔

یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو صوبے کی امنگوں اور قوم کے فکری دھارے کے درمیان ایک پل کا کام کریگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی اور ترقی فاونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سینٹ ممبر آف جامعہ بلوچستان امجد رشید سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یونیورسٹی آف بلوچستان کا کیمپس قائم کرنے کی باضابطہ تجویز پیش کی۔

اس اقدام کا مقصد بلوچستان کے طلبہ و طالبات کو اسلام آباد میں اعلی تعلیم کے معیاری مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر جامعہ بلوچستان کے مختلف سینٹرز کے تین ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔مذکورہ ڈائریکٹرز نے گورنر بلوچستان کو جامعہ کے سینٹرز کی تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں اور قومی خدمات سے آگاہ کیا اور مراکز کو درپیش مالی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر مندوخیل نے جامعہ بلوچستان کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہا اور مراکز کے مالی مسائل کے حل سمیت اسلام آباد کیمپس کی تجویز پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے گورنر بلوچستان کا صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے گہری دلچسپی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں