26

سوئی سدرن گیس کمپنی کا گیس کی لوڈشیڈنگ اور نئے اوقاتِ کار کسی صورت قابلِ قبول نہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا گیس کی لوڈشیڈنگ اور نئے اوقاتِ کار کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ عوام کو کسی مریض کے دوا کی طرح صبح، دوپہر، شام گیس دینے کا غیرمنطقی نظام مسترد کرتے ہیں۔ پہلے ہی رات 9 بجے سے صبح 7 بجے تک گیس بند رہتی ہے، اور اب مزید پابندیاں عائد کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔

جب کوئٹہ شہر میں گیس عوام کو میسر نہیں تو صوبے کے دیگر اضلاع کی صورتحال کا اس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہاں کے عوام کن مشکلات سے دوچار ہوں گے۔ضلع کوئٹہ کے تحصیل کچلاغ ، تحصیل سریاب، تحصیل سٹی اور تحصیل صدر کے تمام علاقوں میں گیس پریشر کی کمی وبندش کے ناروا اقدات کو ترک کیا جائے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس کی قلت سے زیادہ مسئلہ بدانتظامی، کرپشن اور مراعات کا ہے، جس کا بوجھ براہِ راست غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔

عوام کے خون پسینے کی کمائی سے چلنے والے ادارے اگر عوام کو ہی بنیادی سہولت سے محروم کریں تو یہ ناانصافی کی انتہا ہے۔حکومت کی اس معاملے پر خاموشی نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ اگر سوئی سدرن گیس کمپنی یاکسی بھی ادارے پر حکومتی عملداری نہیں تو خودمختاری کے دعوے کھوکھلے نظر آتے ہیں۔ گھریلو صارفین ،ہوٹلز، بیکریزاور تمام شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ضروری ہے ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کوصوبائی حکومت اپنے فیصلوں کا پابند بنائے لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی نے حکومتی احکامات اور عوام کے مطالبات کی دھجیاں اڑا دی ہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گیس کے موجودہ اوقاتِ کار کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے اور صبح سے رات 12 بجے تک مسلسل گیس کی مکمل پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں