32

کرایوں پر نظر ثانی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ کرایوں پر نظر ثانی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ علی درانی سمیت ممتاز ٹرانسپورٹرز حاجی میر دولت لہڑی، حاجی میر حکمت لہڑی حاجی عبداللہ ناصر، حاجی جمعہ خان سمیت دیگر ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں ممکنہ اضافے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے کوئٹہ ڈویژن میں درپیش اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا اور کرایوں کے تعین سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔
کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات کے پیش نظر فی کلومیٹر کرایہ ریٹ کی ازسرنو تجدید کی جائے جبکہ کرایوں میں اضافے سے متعلق سفارشات مشاورت کے بعد مرتب کر کے پیش کی جائیں۔

کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرز کی تمام تجاویز اور مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا اور قابلِ عمل نکات پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایسا قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے گا جس سے عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر ضروری چیک پوسٹوں اور بلاجواز کارروائیوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔
سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت دی گئی کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کر کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں