25

شہر کی صفائی اور عوام کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے زیر صدارت شہر میں صفائی کی صورتحال اور مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیروں، بالخصوص بڑے برساتی نالوں میں جمع کچرے کو ٹھکانے لگانےکے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ ڈویڑن بہادر خان کاکڑ کے علاوہ تمام سب ڈویڑنز کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور صفا کوئٹہ پراجیکٹ کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیروں کو فوری طور پر اٹھانے اور بڑے برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت جاری کی کہ شہر کے 7 بڑے نا لوں کی صفائی کا عمل فوری طور پر شروع کرکے جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے مسائل سے بچا جا سکے۔

صفا کوئٹہ پراجیکٹ کو ہدایات دی گئیں کہ شہر بھر میں موجود بڑے کچرے کے ڈھیروں کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے اور اس حوالے سے پیش رفت رپورٹ جلد پیش کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر صفائی سے متعلق رپورٹ مرتب کرکے ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کی صفائی اور عوام کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں