18

۔بی این پی کا شیخ زید ہسپتال سے مشینری کی منتقلی پر احتجاج کا انتباہ

بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی غلام نبی مری کی قیادت میں ایک مرکزی وفد جس میں ضلعی آرگنائزر حاجی وحید لہڑی ، آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین میر کاول خان مری، غلام مصطفی مگسی اور پارٹی کے دیگر علاقائی رہنما ، سابقہ عہدیداران میر محمود جمالدینی، ملک نصیر گرگناڑی، ڈاکٹر ابراہیم بنگلزئی اور نعمان مگسی شامل تھے آج شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران بلوچ سے ملاقات کی اور ہسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی علاقے کا اہم سٹیک ہولڈر اور مقبول عوامی جماعت ہونے کے ناطے سے عوام کی سہولیات خصوصا صحت اور تعلیم کے شعبے کو اہمیت دیتی ہے اور ہمیشہ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے عوامی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کی مشکلات کے حل کے لئے کوشاں رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں موجود این جی او گرافی کی جدید مشین سے متعلق یہ بات شنید میں آئی ہے کہ وہ کئی سالوں سے غیر فعال ہے اس لئے اس مشین کو کسی نجی ہسپتال میں شفٹ کیا جا رہا ہے جو کہ ایک قابل تشویش عمل ہے انہوں نے کہا کہ اس ناروا عمل پر ہم کسی صورت میں خاموش نہیں رہیں گے یہ ہسپتال لاوارث نہیں ہے اور عوامی فنڈ سے نصب مشین پر شب خون مارنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل بھی اسی ہسپتال کے اوزار اور دیگر سہولیات کو کہیں اور منتقل کرنے کی کوششوں کو پارٹی نے ناکام بنائی ہے اب بھی ہم اس ہسپتال کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کریں گے اور جمہوری انداز میں احتجاج کریں گے اور آواز اٹھائیں گے۔ چونکہ یہ ہسپتال ایک ایسے سنگم پر واقع ہے جہاں بلوچستان بھر کے عوام علاج معالجہ کے لئے رجوع کرتے ہیں جس میں مستونگ ، نوشکی، نوکنڈی ، قلات، سبی، خضدار، چاغی، تفتان، مچھ، بولان اور کوئٹہ شہر کی بہت بڑی آبادی سریاب وغیرہ بھی شامل ہے اس لئے اس ہسپتال کی سہولیات کو سول ہسپتال اور بولان ہسپتال کے برابر بڑھائی جائے نا کہ یہاں پر نصب شدہ مشینوں کو یہاں سے منتقل کیا جائے انہوں نے ہسپتال کے ڈائریکٹر اور دیگر سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور دراز کے علاقوں سے آئے ہوئے مریض سٹاف کی کارکردگی سے مطمئین ہیں جو کہ قابل ستائش ہے۔

درایں اثنا وفد نے پیرا میڈکس کے صدر حاجی محمد کبیر ، فضل لہڑی اور دیگر سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ وہ ہسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں