صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں کوئلہ پھاٹک تا چمن پھاٹک روڈ منصوبہ مکمل ہونے سے اندرون شہر ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو آمد و رفت میں بڑی سہولت میسر آئے گی ۔یہ بات انہوں نے زیرِ تعمیر کوئلہ پھاٹک تا چمن پھاٹک روڈ منصوبے کے دورے کے موقع پر منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی، ایگزیکٹو انجینئر ای اینڈ ایم ورکس ڈویژن حاجی محمد انور سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھی ۔ایگزیکٹو انجینئر حاجی محمد انور نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور یہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا جس سے شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ نے منصوبے پر جاری کام کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور کوئٹہ کے عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کوئٹہ شہر سمیت پورے صوبے میں روڈ انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے ۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز اور معیار کو بہتر بنایا جائے تاکہ یہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہو کر عوام کی فلاح و بہبود میں کردار ادا کر سکیں۔









