کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت حلیم پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، چیف فائر آفیسر میونسپل کارپوریشن کوئٹہ عبدالحق، اسسٹنٹ کمشنر (پولیٹیکل) کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ، صدر انجمن تاجران عبدالرحیم کاکڑ اور حلیم پلازہ کے مالک سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران حلیم پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کی ابتدائی صورتحال، ریسکیو اقدامات، ہونے والے نقصانات اور تخمینے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پلازہ کے مالک، انجمن تاجران کے نمائندوں، چیف فائر آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے جامع اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
چیف فائر آفیسر کو ہدایت کی گئی کہ پلازہ میں فائر سیفٹی انتظامات، فائر فائٹنگ سسٹم، ایمرجنسی اخراج کے راستے، آگ بجھانے کے آلات اور واقعے کے دوران ریسکیو رسپانس کے حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔اجلاس میں آتشزدگی کی ممکنہ وجوہات، بالخصوص فائر سیفٹی گریڈ کی عدم موجودگی، بجلی کی بندش سے متعلق مسائل اور حفاظتی معیار میں ممکنہ کوتاہیوں کے پہلوؤں کا بھی تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے واضح کیا کہ واقعے کی مکمل شفاف تحقیقات کی جائیں گی ۔اور اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اپنی تفصیلی رپورٹس اگلے اجلاس سے قبل جمع کرائیں تاکہ واقعے کی حقیقی وجوہات سامنے لائی جا سکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔مزید برآں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات میں کیسکو حکام کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ بجلی سے متعلق پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے اور یہ معلوم کیا جا سکے کہ غفلت یا کوتاہی کہاں اور کس کی جانب سے ہوئی، تاکہ اصل ذمہ داروں کا درست تعین ممکن بنایا جا سکے۔









