بولی ووڈ کی ایکشن اور جاسوسی فلم ’دھرندھر‘ نے دنیا بھر کے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کر لیا ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ کے اہم ممالک میں فلم کی نمائش نہ ہونے کے باعث فلم کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فلم کے اوورسیز ڈسٹری بیوٹر پرنب کپاڈیا کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں پابندی کے باعث فلم تقریباً ایک کروڑ ڈالر کی کمائی سے محروم رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کی مارکیٹ بولی ووڈ کی ایکشن فلموں کے لیے ہمیشہ انتہائی منافع بخش رہی ہے اور ’دھرندھر‘ جیسی بڑی فلم وہاں اچھا بزنس کر سکتی تھی۔
پرنب کپاڈیا نے بتایا کہ فلم پر پابندی کی وجہ اس کا اینٹی پاکستان بیانیہ بتایا گیا، جس کے باعث متعلقہ ممالک نے اسے ریلیز کی اجازت نہیں دی۔ ان کے مطابق اگرچہ یہ ایک بڑا کاروباری نقصان ہے، مگر ہر ملک کے قوانین اور حساسیت کا احترام کرنا ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بھارتی فلمیں خلیجی ممالک میں ریلیز نہیں ہو سکیں، جن میں فلم ’فائٹر‘ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز کی جانب سے فلم کی ریلیز کے لیے مکمل کوشش کی گئی، لیکن حتمی فیصلہ متعلقہ ممالک کے حکام کا ہوتا ہے۔









