ڈیجیٹل سکیورٹی کے شعبے میں کام کرنے والی معروف کمپنی نورڈ پاس نے سال 2025 کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے پاس ورڈز کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں 123456 کو سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاس ورڈ قرار دیا گیا۔
یہ فہرست مختلف عالمی ڈیٹا لیکس اور سیکیورٹی کی خامیوں میں سامنے آنے والے پاس ورڈز کے تجزیے کے بعد مرتب کی گئی ہے، جو ایک بار پھر آن لائن صارفین کی کمزور ڈیجیٹل عادات کو بے نقاب کرتی ہے۔
نارڈ پاس کے مطابق، کمپنی کئی برسوں سے لیک ہونے والے پاس ورڈز کا باریک بینی سے جائزہ لیتی آ رہی ہے، اس حوالے سے انہوں نے فہرست شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ کئی برس تک سامنے آنے والے لیک شدہ پاس ورڈز کا جائزہ لینے کے بعد ہم نے یہ مشاہدہ کیا ہے کہ لوگ اکثر اپنے پہلے نام یا خاندانی نام کے ساتھ چند اعداد شامل لکھ کر پاس ورڈ بناتے ہیں، جیسے kristian123 یا Joan83۔
گرچہ ایسے پاس ورڈز عموماً عالمی سطح پر ٹاپ لسٹ میں شامل نہیں ہوتے، تاہم ہر ملک میں مقامی طور پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے نام اور خاندانی نام پاس ورڈز میں نمایاں نظر آتے ہیں، جو یہ ثابت کرتا ہے کہ جغرافیہ اور ثقافت پاس ورڈ بنانے کی عادات پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔









