پاکستان، بھارت اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش: ہمسایہ ممالک کے تنازعات علاقائی فریقین ہی بہتر حل کر سکتے ہیں، روسی سفیر

86

روس نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان، بھارت اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔ یہ اعلان روسی سفیر البرٹ خوریف نے اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک اسٹڈیز کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سفیر خوریف نے کہا کہ خطے کی سلامتی کے حوالے سے تشویش ہے، خاص طور پر افغانستان کی صورتحال روس کے نزدیک انتہائی حساس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ جاری کشیدگی کم کرنے میں روس اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

البرٹ خوریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں تناؤ میں بیرونی طاقتوں کے مداخلت کے اثرات شامل ہیں، اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی حمایت روس کی ترجیح ہے۔

سفیر نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے تنازعات کو علاقائی فریقین ہی بہتر طور پر حل کر سکتے ہیں اور پاکستان خطے میں ایک اہم شراکت دار ہے جس کی جغرافیائی اور سفارتی حیثیت نہایت اہمیت رکھتی ہے۔

روس نے پاکستان کے ساتھ معاشی اور سماجی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

یاد رہے کہ یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ماسکو میں صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی، جس کے بعد پاکستان اور روس کے تعلقات میں مزید گرمجوشی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں