محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام کوئٹہ میں جشن آزادی کے سلسلے میں کرکٹ ٹورنامنٹ جاری

36

وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے تحت محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام کوئٹہ میں جشن آزادی کے سلسلے میں جاری جشن آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے روز بگٹی کرکٹ سٹیڈیم میں دو میچز کھیلے گئے، پہلا میچ ژوب ڈویژن اور رخشان ڈویژن کے مابین کھیلا گیا، جس میں ژوب ڈویژن نے 83 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی، رخشان ڈویژن 220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ذوالقرنین اور عتیق اللہ نے 28، 28 رنز بنائے جبکہ ژوب ڈویژن کی جانب سے مقام شاہ، جہانگیر خان، سعود احمد اور خالد خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ژوب ڈویژن نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے، محمد خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 42 گیندوں پر 102 رنز بنائے، ثنا اللہ 59 رنز بنا کر آئوٹ ہوئےجبکہ رخشان ڈویژن کی جانب سے نصیب اللہ نے 2 وکٹیں حاصل کی، محمد خان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسرا میچ لسبیلہ ڈویژن اور کوہ سلیمان ڈویژن کے مابین کھیلا گیا، جس میں لسبیلہ ڈویژن نے 134 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی۔

177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوہ سلیمان ڈویژن کی پوری ٹیم صرف 43 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ لسبیلہ ڈویژن کی جانب سے ظہیر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، اس سے قبل لسبیلہ ڈویژن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 177 رنز بنائے، انضمام 51 اور زبیر 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوہ سلیمان ڈویژن کی جانب سے شیر جان نے 3 اور محمد نور نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میچ کے بہترین کھلاڑی ظہیر قرار پائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں