سوشل میڈیا کا جنون عروج پر، دنیا کے 5.66 ارب افراد روزانہ گھنٹوں آن لائن

24

ہر سال 30 جون کو دنیا بھر میں سوشل میڈیا ڈے منایا جاتا ہے۔ اس دن کا آغاز 2010 میں ڈیجیٹل میڈیا ویب سائٹ Mashable نے کیا تھا تاکہ عالمی رابطوں اور مواصلات میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے کردار کو تسلیم کیا جا سکے۔

آج سوشل میڈیا محض رابطے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ دنیا بھر میں اربوں لوگوں کی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔

ڈیٹا ری پورٹل کی ڈیجیٹل 2026 گلوبل اوور ویو رپورٹ کے مطابق دنیا میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی تعداد 5.66 ارب تک پہنچ چکی ہے، جو عالمی آبادی کے 68 فیصد سے زائد کے برابر ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2005 میں سوشل میڈیا صارفین کی تعداد 50 کروڑ سے بھی کم تھی، جو 2015 میں بڑھ کر 2.27 ارب اور 2025 میں 5.66 ارب تک جا پہنچی۔ اس تیزی سے اضافے کی بڑی وجہ کم قیمت اسمارٹ فونز کی دستیابی اور انٹرنیٹ تک وسیع رسائی قرار دی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک اوسط سوشل میڈیا صارف ہفتے میں 18 گھنٹے 36 منٹ یعنی روزانہ تقریباً 2 گھنٹے 39 منٹ مختلف پلیٹ فارمز پر گزارتا ہے۔ یوں ایک سال کے دوران یہ وقت 40 دن سے بھی زیادہ بنتا ہے۔

عالمی سطح پر سوشل میڈیا کا اوسط استعمال 68 فی صد ہے جبکہ مشرقی ایشیا میں یہ شرح سب سے زیادہ 88.1 فی صد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد شمالی یورپ میں 79 فی صد، مغربی یورپ میں 77.7 فی صد اور شمالی امریکا میں 74 فی صد آبادی سوشل میڈیا استعمال کرتی ہے۔

اس کے برعکس وسطی افریقا میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی شرح محض 12.1 فی صد ہے جبکہ مشرقی افریقا میں 12.6 فی صد اور مغربی افریقا میں 19 فی صد افراد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں