موسم نے کروٹ لی تو سردی سے بچاؤ کے لیے شہریوں نے گرم کپڑوں کی خریداری شروع کردی، مہنگائی کے اس دور میں کم قیمت ملبوسات کے لیے شہریوں نے سستے بازاروں کا رخ کرلیا۔
کوئٹہ کے جوائنٹ روڈ پر واقع سستے بازار میں خریداروں کی آمد بڑھ گئی ہے، جہاں نئے اور استعمال شدہ گرم کپڑے عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں بازار کا رخ کررہے ہیں۔
بازار میں رنگ برنگے اور نت نئے ڈیزائن کے ملبوسات خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ کوئی اپنے لیے سویٹر اور جیکٹ خرید رہا ہے تو کوئی بچوں کے لیے جوتے اور دیگر ضروری اشیا تلاش کررہا ہے۔
شہریوں کے مطابق مہنگائی کے باعث عام مارکیٹ سے پورے خاندان کے لیے گرم کپڑوں کی خریداری مشکل ہوگئی ہے، ایسے میں سستے بازار محدود بجٹ میں ضروری اشیا خریدنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
دوسری جانب خریداروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے دکانداروں کے چہروں پر بھی خوشی بکھیر دی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہوتے ہی گرم کپڑوں کی طلب بڑھ گئی ہے، جس سے کاروبار میں بھی تیزی آگئی ہے۔









