ایچ ڈی ایل (HDL) کو اچھا کولیسٹرول کہا جاتا ہے۔اگر آپ اس اچھے کولیسٹرول میں دو یا تین فیصد بھی اضافہ کرتے رہیں گے تو دل کو نقصان پہنچانے والی بیماریاں آپ سے دور رہیں گی۔ذیل میں چند ایسی غذاؤں کے نام دیے جا رہے ہیں، جنہیں کھانے سے اچھے کولیسٹرول میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق وہ افراد جو روزانہ ساڑھے تین اونس گہرے رنگ کی وہ چاکلیٹ کھاتے ہیں، جس میں 70 فیصد کوکا (Cocoa) کے بیجوں کا سفوف ملا ہوتا ہے، ان کے اچھے کولیسٹرول میں 9 فیصد کا اضافہ ہو جاتا ہے۔
بالٹی مور ہسپتال کے ڈاکٹر پال گربل کہتے ہیں کہ اگر چاکلیٹ کی مقدار کم ہو، یعنی نصف اونس تک تو اس سے بھی فائدہ ہو سکتا ہے۔وہ افراد جو چار ہفتوں تک دو اونس مچھلی کھاتے ہیں، ان کے اچھے کولیسٹرول میں 4 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ایسی مچھلیاں، جن میں شحمی تیزاب (فیٹی ایسڈ) کی مناسب مقدار ہو، کھانے سے بھی یہی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
اگر آپ آٹھ ہفتوں تک روزانہ ایک پیالی کوئی سی بھی بیری (Berry) کھائیں گے تو آپ کے اچھے کولیسٹرول میں 5 فیصد تک اضافہ ہو جائے گا۔
تھائی لینڈ میں کی گئی ایک تحقیق میں تحقیق کاروں نے بتایا ہے کہ اگر آپ 12 ہفتوں تک روزانہ ایک انڈا کھائیں گے تو آپ کے اچھے کولیسٹرول میں 48 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انڈے کی زردی میں ایک جزو ”لیسی تھن“ (Lecithin) کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جس سے اچھے کولیسٹرول میں اضافہ ہو جاتا ہے۔









