پی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان اور آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو آسٹریلیا میں مبینہ طور پر شراب کے زیر اثر گاڑی چلانے کے الزام کا سامنا ہے، جس پر قانونی کارروائی جاری ہے۔
وارنر کے وکیل نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تاہم وہ بعد میں اپنا جرم قبول کر سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ایسٹر کے دن سڈنی میں روڈ سائیڈ چیکنگ کے دوران ڈیوڈ وارنر کا الکوحل ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ان کا بلڈ الکحل لیول قانونی حد سے تقریباً دوگنا زیادہ تھا۔
39 سالہ کرکٹر پر مڈ رینج ڈرنک ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وکیل کے مطابق وارنر نے دوستوں کے ساتھ تین گلاس شراب پینے کے بعد گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا، حالانکہ وہ آسانی سے آن لائن ٹیکسی استعمال کر سکتے تھے۔
یہ واقعہ ان کی قیادت اور پیشہ ورانہ کردار پر بھی سوالات کھڑے کر رہا ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز کے حکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ محفوظ ڈرائیونگ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس نوعیت کے الزامات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ڈیوڈ وارنر کے خلاف کیس کی اگلی سماعت 24 جون کو ہوگی۔









