گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ہم بلوچستان کے تمام انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی و پذیرائی کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ بلوچستان نے باکسنگ کے میدان میں متعدد نامور اور مایہ ناز باکسرز پیدا کیے ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل سطح پر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کیا اور ملک و صوبے کیلئے اعزازات حاصل کیے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ نے پچھلے سال فرسٹ پاکستان انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا جس سے بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور صوبے کے بہتر امیج کو اجاگر کرنے میں مدد ملی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پروفیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالحمید سربراہ کی قیادت میں انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے عہدیداران پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
وفد میں نیشنل باکسر موسی ہزارہ، عبدالعزز خلجی اور خدا بخش لاشاری بھی موجود تھے۔گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں، کھیلوں کی تنظیموں اور نجی شعبے کے درمیان موثر تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، جدید سہولیات کی فراہمی، کوچنگ کے معیار میں بہتری اور قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کوئٹہ اور بلوچستان میں دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری رہیگا جس سے صوبے کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں میں ڈسپلن، رواداری، خود اعتمادی اور محنت کا جذبہ پیدا کرتے ہیں بلکہ مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشرتی ہم آہنگی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کیلئے تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو اکتوبر کے 30 اور 31 تاریخ کو منعقد ہونے والے انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ فائنل راؤنڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ گورنر بلوچستان 31 اکتوبر کو انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کرکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے باکسرز کی حوصلہ افزائی کرینگے۔









