خیبرپختونخوا کے علاقے اپر دیر میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرف ہلاک ہوگئے جبکہ 5 پولیس اہلکار زخمی اور ایک شہری شہید ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ اپر دیر کے علاقوں دوبندو، بریکوٹ، سلام کوٹ اور اٹنڈرہ میں دہشت گردوں کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس، سی ٹی ڈی، آر آر ایف اور ایلیٹ فورس کے دستوں نے ایک بڑا اور کامیاب آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر دیر سید محمد بلال کی قیادت میں یہ آپریشن بھرپور حکمت عملی کے تحت کیا گیا اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مختلف اطراف سے گھیراؤ کر رکھا ہے تاکہ ان علاقوں کو شدت پسندوں سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
پولیس آپریشن میں حصہ لینے والے اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ کی ٹیمیں جدید ساز و سامان اور ہتھیاروں سے لیس ہیں اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔
پولیس نے بتایا کہ علاقے میں اہم مقامات اور دہشت گردوں کی نقل و حمل کے راستوں پر اپنی چوکیاں قائم کر دی ہیں اور مربوط آپریشن کے لیے باقاعدہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم ہے۔
پولیس کے مطابق علی الصبح شروع ہونے والے اس آپریشن میں دہشت گردوں کے ساتھ سلام کوٹ کے مقام پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں اور ان میں سے ایک کی لاش برآمد کر لی گئی ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مقامی شہری شہید اور 7 پولیس کانسٹیبل معمولی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مقامی آبادی بھی اس آپریشن میں پولیس کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔
آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے اس موقع پر اپنے پیغام میں جوانوں کے جذبے، دلیری اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان وطن کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ان کا عزم آہنی ہے اور ہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہے۔









