پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل سریاب کمیٹی کا اجلاس تحصیل سیکرٹری نیاز بڑیچ کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا،صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی،ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔
اجلاس کی کارروائی تحصیل اطلاعات سیکرٹری صدام خان اچکزئی نے سرانجام دی ۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی سیاسی کارکردگی کی علاقائی اور تحصیل کمیٹی کی رپورٹس پیش کی گئی اور اس کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں تحصیل سریاب کے مختلف علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کو زیر غور لایا گیا اور کہا گیا کہ بدامنی ، سٹریٹ کرائمز ، چوری ڈکیتی کی وارداتوں نے عوام کو جان ومال کے سنگین تحفظ سے دوچار کر رکھا ہے ، متعلقہ پولیس تھانوں کے عملوں کی ناقص کارکردگی ، گشت نہ ہونے، مختلف ناکوں پر عام شہریوں کو تنگ کرنے کے عمل سے عوام کا پولیس سے اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے۔
سیکورٹی اقدامات کے باجود جرائم پیشہ عناصر کی سرعام جرائم کے واقعات نے عوام کو سخت تشویش میں مبتلا کررکھا ہے جس کا نوٹس لینا آئی جی پولیس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ صفا پروجیکٹ مکمل طو رپر کرپشن پروجیکٹ بن چکا ہے ، صفائی کے ناقص نظام ، سیوریج کے پانی کا سڑکوں پر بہنا ، مختلف وبائی امراض کا پھیلنا عام ہوچکا ہے جس پر نہ ہی صفا پروجیکٹ اور نہ ہی میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی انتظامیہ سنجیدہ ہے کوئی صفائی مہم نہیں ، کوئی سپرے بچائو حفاظتی اقدامات نہیں بلکہ مکمل توجہ کرپشن وکمیشن پر دی گئی ہے ۔
کمشنر کوئٹہ ، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ناکارہ ٹرانسفارمرز اور ہفتوں ہفتوں مرمت کے باعث اہل علاقہ کے عوام شدید گرمی سے دوچار ہیں ، بچے ، بڑے، خواتین ، مریض، بوڑھے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ آچکے ہیں جبکہ کیسکو کی انتظامیہ بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے ٹرانسفارمرزکی تنصیب عمل میں لائی جائے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائی









